Monday, July 8, 2024

پی ایس ایل سیون، لاہور قلندرز کی کراچی کنگز کو اہم میچ میں 6 وکٹوں سے شکست

پی ایس ایل سیون، لاہور قلندرز کی کراچی کنگز کو اہم میچ میں 6 وکٹوں سے شکست
January 31, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون میں لاہور قلندرز کا دمادم مست قلندر، کراچی کنگز کو اہم میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ لاہورنے 171 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ فخرزمان سنچری اسکور کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

پاکستان سپر لیگ سیون کے سب سے بڑے ٹاکرے میں قلندرز نے ڈالی دھمال، شاہین شاہ آفریدی کی لاہور قلندرز نے بابراعظم کی کراچی کنگز کو چاروں شانے چت کردیا۔

کراچی کنگز کو ایونٹ میں مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، لاہور نے 171 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

لاہور کے فخرزمان نے کراچی کے باؤلرز کی درگت بنا ڈالی، فخرزمان نے پی ایس ایل کی پہلی سنچری بنا کر پانسہ پلٹ دیا۔ فخرزمان نے 56 گیندوں پر 12 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔ فخر زمان 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد حفیظ 24 رنز بنا سکے، سمت پٹیل 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کے عمید آصف نے دو وکٹیں حاصل کیں، محمد نبی اور عمادوسیم ایک ایک شکار کر سکے۔

اس سے قبل کراچی نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے، شرجیل خان 60 اور کپتان بابر اعظم 41 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔