Monday, July 8, 2024

پنجاب میں ڈینگی بخار سے 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

پنجاب میں ڈینگی بخار سے 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے
November 21, 2021 ویب ڈیسک

لاہور / اسلام آباد / پشاور (92 نیوز) ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، پنجاب میں ایک روز کے دوران ڈینگی بخار کے باعث 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

پنجاب میں ایک روز کے دوران ڈینگی بخار سے جاں بحق ہونے والے 5 افراد کا تعلق لاہور سے اور ایک کا شیخوپورہ سے ہے۔

پنجاب میں ڈینگی مریضوں کی تعداد میں آئے روز اضافے کے باوجود اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات جوں کی توں ہیں۔

لاہور کے گنگارام، سروسز، جناح اور میواسپتال میں علاج کرانے والوں کے لیے سہولیات نہ ہونے کے برابرہیں۔ سروسزاسپتال میں مریضوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں تو میواسپتال میں ایک ایک بیڈ پر دو، دو مریض پڑے ہیں۔

جنرل اسپتال میں بھی سہولیات کی صورتحال ٹھیک نہیں، ڈینگی کے فیلڈ اسپتال ایکسپو سنٹر میں بھی مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

متاثرین کے لیے سرکاری اسپتالوں میں ادویات مل رہی ہیں نہ ہی بازارمیں پیناڈول دستیاب ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق چوبیس گھنٹے میں پنجاب میں 6 افراد ڈینگی بخار سے جاں بحِق ہوگئے۔ صوبے میں 279 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے جن میں سے217  صرف لاہورسے ہیں۔

ادھر خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 77 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 ہزار 969 ہوگئی، اسپتالوں میں ڈینگی کے 70 مریض زیرعلاج ہیں، اب تک 9 افراد جاں بحق ہوئے۔

پشاور میں 5 ہزار 258 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے، خیبر ٹیچنگ اسپتال میں 22 اور ایل آر ایچ میں 11 مریض زیر علاج ہیں۔

راولپنڈی اسلام آباد میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 38 نئے سامنے آگئے۔ جڑواں شہروں میں مجموعی کیسز کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کیسز روز بروز بڑھنے لگے، جڑواں شہروں میں انتظامیہ کے اقدامات ڈینگی کے سامنے غیر مؤثر دکھائی دینے لگے۔

ڈی ایچ اواسلام آباد کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد کے 26 شہری ڈینگی کا شکار ہوئے۔ اسلام آباد میں اس وقت 4 ہزار 5 سو 35 افراد ڈینگی کا شکار ہیں۔ ڈینگی سے اب تک 19 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔