Monday, July 8, 2024

لاہور میں 20 سالہ گھریلو ملازمہ کی پھندہ لگی لاش برآمد

لاہور میں 20 سالہ گھریلو ملازمہ کی پھندہ لگی لاش برآمد
January 30, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور میں 20 سالہ گھریلو ملازمہ کی پھندہ لگی لاش ملی ہے، اہلخانہ نے مالک مکان کے خلاف زیادتی اور قتل کا الزام لگادیا ،پولیس نے مالک مکان سے پوچھ گچھ شروع کر دی، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔

لاہور کے علاقے ویلنشیاء ٹاؤن میں گھریلو ملازمہ کی پھندہ لگی لاش ملی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش مردہ خانے منتقل کر دی۔

20 سالہ عمیرا کے اہلخانہ دھاڑیں مار کر روتے رہے، الزام عائد کیا بیٹی نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے قتل کیا گیا۔ عمیرا کی بہن سمیرا نے قتل کے علاوہ زیادتی کا بھی الزام لگا دیا۔

پولیس نے بھی خودکشی کے بجائے قتل کا خدشہ ظاہر کیا ہے، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔ سی سی پی او فیاض احمد دیو نے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی۔

تھانہ ستوکتلہ میں والد محمد رمضان کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ حمیرہ کے اہلخانہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔