Monday, July 8, 2024

فروری اور مارچ کے اپوزیشن کے لانگ مارچ سے کچھ نہیں ہونیوالا، چودھری سرور

فروری اور مارچ کے اپوزیشن کے لانگ مارچ سے کچھ نہیں ہونیوالا، چودھری سرور
January 30, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) گورنرپنجاب چودھری سرور کا کہنا ہے کہ فروری اور مارچ کے اپوزیشن کے لانگ مارچ سے کچھ نہیں ہونیوالا۔

بہاولپور کے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آئینی مدت پوری کریگی، الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے، بلدیاتی انتخابات کیلئے تحریک انصاف کے کارکنان بھر پور تیاریاں کریں، جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

چودھری سرور نے کہا مارچ 2021 گزر چکا مارچ 2022 اور مارچ 2023 بھی گزر جائے گا۔ ڈیل اور ڈھیل کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں الیکشن وقت پر ہی ہوں گے۔ اتحادی جماعتیں بھی وزیر اعظم عمران خان کیساتھ ہیں حکومت مضبوط ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ملک میں پہلی بار اداروں میں اصلاحات پر کام ہورہا ہے۔ انصاف صحت کارڈ اور احساس پروگرام حکومت کا غریب عوام کے لیے تحفہ ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے جاری بیان میں کہا اپوزیشن رہنماؤں نے ہمیشہ قومی اتحاد اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، پاکستان کو اس وقت اتحاد کے ذریعے ہی آگے لے جایا جاسکتا ہے وطن کی مٹی ہم سے ذاتی اختلافات چھوڑ کر ایک ہونے کا تقاضا کررہی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو وزیراعظم عمران خان کی شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی خدمت اور قومی ترقی کے مشن پر عمل پیرا ہے، 2023 میں بھی اقتدار میں آئے گی۔