Monday, July 8, 2024

بلوچستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی، آرمی چیف

بلوچستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی، آرمی چیف
January 29, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تربت کا دورہ کیا، ہیڈکوارٹر ایف سی بلوچستان جنوبی میں مفصل بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ تربت پر پورا دن فوجیوں کے ساتھ گزارا، آرمی چیف کو علاقائی سلامتی، پاک ایران سرحد پر باڑ کی تنصیب سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ دی گئی کہ بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال غیر مستحکم کرنے کی دشمن کی کاوشوں کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کا مطلب ملک کی ترقی ہے۔

سپہ سالار کو بریفنگ دی گئی کہ بلوچستان حکومت کو ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ پاک فوج کے صوبائی حکومتی مدد کے لیے سماجی و اقتصادی اقدامات جاری ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھائی جا رہی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے صوبائی حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

بعد ازاں سپہ سالار نے کیچ کا دورہ کیا، متعین فوجیوں سے بات چیت کی۔

سپہ سالار نے سبڈان ٹاپ کے شہدا کی ہمت، عزم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، کیچ واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ بلوچستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔ دشمن قوتوں کی ترقیاتی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کاوشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے خیرمقدم کیا۔