Monday, July 8, 2024

آرمی چیف سے سربراہ ترک لینڈ فورسز کی ملاقات، علاقائی سلامتی سمیت اہم امور پر گفتگو

آرمی چیف سے سربراہ ترک لینڈ فورسز کی ملاقات، علاقائی سلامتی سمیت اہم امور پر گفتگو
December 27, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک لینڈ فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ویلی تراکچی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، باہمی اور پیشہ ورانہ اُمور پر گفتگو ہوئی، دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، دوطرفہ تعلقات تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہیں۔

سپہ سالار نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات اہمیت کے حامل ہیں، افغانستان میں انسانی المیہ سے بچنے کے لیے مخلصانہ عالمی کاوشیں ناگزیر ہیں۔

سربراہ ترک لینڈ فورسز نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارتوں کو سراہا۔ ترک چیف آف جنرل سٹاف نے مختلف شعبوں میں تعاون میں وسعت کےعزم کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر دوطرفہ سطح پر تربیتی اُمور، انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعلقات مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔