Monday, July 8, 2024

سانحہ مری، کئی محکموں اور افسروں نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، رپورٹ

سانحہ مری، کئی محکموں اور افسروں نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، رپورٹ
January 18, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سانحہ مری کے حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ تیار ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق کئی محکموں اور افسروں نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

سانحہ مری کے حوالے سے تحقیقاتی ٹیم کا سول سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تمام ممبران کی شرکت ہوئی۔ معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے تحقیقاتی کمیٹی کو جوابات جمع کروا دیئے۔

رپورٹ میں کہا گیا گاڑیوں میں سوار افراد کی موت سانس اور دل بند ہونے سے ہوئی۔ سائلنسر برف میں دبنے سے گیس واپس گاڑیوں میں جمع ہوئی۔ محکمہ شاہرات کے مکینیکل ونگ نے ایس او پیز پر عمل نہ کیا۔ انتظامیہ نے برف ہٹانے والی سولہ مشینیں ایک ہی جگہ لگا دیں۔ برف میں پھنسے درجنوں افراد نے ریسکیو سے مدد مانگی لیکن مل نہ سکی۔

تحقیقاتی کمیٹی کی تیار رپورٹ کے مندرجات 92 نیوز سامنے لے آیا۔ تحقیقاتی کمیٹی ذرائع کے مطابق افسروں، عینی شاہدین اور جاں بحق افراد کے ورثا کے بیانات قلم بند کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق کئی محکموں اور افسروں نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ انتظامیہ کا رویہ غیرسنجیدہ رہا۔ حالات خراب ہونے پر ہوش آیا۔ مری سے متعلق نومبر، دسمبر کے اجلاسوں میں اعلیٰ حکام ، افسران شریک نہ ہوئے۔

 رپورٹ میں کہا گیا محکمہ پنجاب ہائی ویز کے مکینیکل ونگ  نے ایس او پیز پر عملدرآمد ہی نہ کیا۔ انتظامیہ نے ایک ہی پوائنٹ پر برف ہٹانے والی 16 مشینیں لگا رکھی تھیں۔ جو اسٹاف مری میں ہونا چاہیے تھا وہ موقع سے ہی غائب تھا۔ شدید برفباری میں پھنسے درجنوں افراد نے ریسکیو سے مدد مانگی لیکن مدد نہ مل سکی۔

ریسکیو کنٹرول روم سے فون پر مدد مانگنے والوں سے متعلق اہم ثبوت بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔ تحقیقات کمیٹی ذرائع کے مطابق ریسکیو اہلکار مشکل میں پھنسے افراد کو دیگر اداروں کے نمبر فراہم کرتے رہے۔ 7جنوری کو برفانی طوفان میں ریسکیو اور دیگر اہلکار کسی کی مدد کو نہ پہنچ سکے۔