Friday, July 5, 2024

پی ایس ایل سیون، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے ہرادیا

پی ایس ایل سیون، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے ہرادیا
February 12, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پی ایس ایل سیون کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 200 رنز کا ہدف 5 وکٹوں پر 19.4 اوررز میں حاصل کرلیا۔ کپتان سرفراز احمد نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اوپنر جیسن روئے 54، احسن علی 30، جیمز وینس 29، افتخار احمد 4، عمر اکمل 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جیمز فالکنر ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 3، لیام ڈوسن اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 199 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا۔ اوپنر ایلکس ہیلز 62 اور فہیم اشرف 55 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔

اوپنر رحمان اللہ 19، کپتان شاداب خان 12، آصف علی 6، لیام ڈوسن 13، محمد وسیم 12، محمد اخلاق اور اعظم خان صفر، صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ حسن علی بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شاہد آفریدی اور جیمز فالکنر نے 2،2 جبکہ نسیم شاہ اور نور احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔