Monday, July 8, 2024

پاکستان سپر لیگ سیون، لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے ہرا دیا

پاکستان سپر لیگ سیون، لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے ہرا دیا
February 3, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) پاکستان سپر لیگ سیون میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے ہرا دیا۔ لاہور قلندرز کی ایونٹ میں دوسری کامیابی ہو گئی۔

200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 170 رنز پر ہمت ہار گئی۔ لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز شاندار رہا۔ اوپنر فخر زمان اور عبداللہ شفیق کے درمیان 94 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔ عبداللہ شفیق 41 رنز اور فخر زمان 66 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اختتامی اوورز میں محمد حفیظ اور راشد خان کی جارحانہ بیٹنگ دیکھنے میں آئی۔ حفیظ 19 گیندوں پر 37 جبکہ راشد خان 8 گیندوں پر 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز اچھا نہیں تھا اور زازئی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ پشاور زلمی کی طرف سے حیدر علی 49 اور کامران 41 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ لاہور قلندرز کے زمان خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ میں دونوں ٹیموں کے فیلڈرز نے  کئی کیچ بھی ڈراپ کیے۔ لاہور قلندرز  کے راشد خان کا وکٹ  لینے کے بعد  اسنیک اسٹائل توجہ کا مرکز بنا رہا۔ لاہور قلندرز   پی ایس ایل پوئنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ گئی۔