Monday, July 8, 2024

مسلم لیگ ن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

مسلم لیگ ن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا
February 16, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) حکومت نے مہنگائی کی آگ پر تیل چھڑک دیا۔ مسلم لیگ ن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ قرار دے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 12 روپے سے زائد اضافہ ظالم ،جھوٹی اور کرپٹ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے۔ حکومت کے خاتمے تک مہنگائی کا ظلم ختم نہیں ہو گا ۔ عوام کو ظالم حکومت کے خلاف باہر نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا عوام کو مہنگائی کی سزا دینے والی حکومت سے نجات دلا کر ریلیف دیں گے۔

ادھر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا مہنگائی، بے روزگاری، غربت، ڈالر اور کرپشن کے بعد عمران خان نے تیل کی قیمتوں کو بھی ریکارڈ سطح پر پہنچا دیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکہ ہے جسے پاکستان قبول نہیں کرے گا۔ اشیائے خور و نوش کے نرخ عوام کی پہنچ سے  دور ہو جائیں گے۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے پر تو پاکستان میں تیل کی قیمت بڑھا دی جاتی ہے لیکن کم ہونے پر کمی نہیں لائی جاتی۔ کم از کم اقتدار کے آخری دنوں میں تو عمران خان کو پاکستان کے غریب عوام پر ترس کھانا چاہے۔