Friday, July 5, 2024

ملک میں صدارتی طرزحکومت نہیں چلنے دیں گے، مولانا فضل الرحمٰن

ملک میں صدارتی طرزحکومت نہیں چلنے دیں گے، مولانا فضل الرحمٰن
February 15, 2022 ویب ڈیسک

لیہ (92 نیوز) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے ملک میں صدارتی طرزحکومت نہیں چلنے دیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک کا سب سے بڑا مسئلہ آئین پر عملدرآمد نہ ہونا ہے۔ ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہو جائے تو بغاوت جنم لیتی ہے۔ یہ اسمبلی جعلی ہے۔ ایسی نالائق اور نااہل حکومت پہلی بار دیکھی ہے۔ انہوں نے کہا جمہوریت میں ڈکٹیٹرشپ نہیں آ سکتی۔ یہاں فیصلے عوام کرے گی۔ پنجاب کے وسائل پر پنجاب کے بچوں کا حق ہے۔ صدارتی طرز حکومت نہیں چل سکتی یہ جبر کی علامت ہے۔ صدارتی نظام ڈکٹیٹر شپ کی علامت ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا صدارتی نظام کو لانے کی باتیں ہو رہی ہیں جس سے ملک دولخت ہو جائے گا۔ صدارتی نظام نے ہمارے ملک کو دو لخت کیا۔ سیاچن کو انڈیا کے حوالے کیا۔ پارلیمنٹ میں موجود افراد کو قرآن و سنت کا علم ہی نہیں۔ پاکستان کی جعلی اسمبلی میں جمہوریت کی روح نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھاجس نے آئین کو چھیڑا وہ پاکستان کے ٹوٹنے کا ذمہ دار ہو گا۔ ہم اس ملک کے مالک ہیں ہمیں آگے بڑھنا ہو گا۔ 23 مارچ کو اسلام آباد جائیں گے اور ملک کو بچائیں گے۔