Monday, July 8, 2024

ملک میں کورونا کے 7 ہزار 586 نئے کیسز، مزید 20 افراد چل بسے

ملک میں کورونا کے 7 ہزار 586 نئے کیسز، مزید 20 افراد چل بسے
January 23, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں کورونا کے 7 ہزار 586 نئے کیس سامنے آگئے، مہلک وائرس مزید 20 افراد کی زندگی بھی نگل گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق کیسز کے مثبت آنے کی شرح 13 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہزار 83 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 

این سی او سی کی جانب سے مساجد اور عبات گاہوں میں صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔ ماسک اور چھ فٹ کا فاصلہ لازم قرار دیا گیا ہے، قالین اور صفیں ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جمعہ کی نماز کا خطبہ مختصر رکھا جائے گا۔

پشاور میں محکمہ داخلہ نے پابندیاں لگانے کیلئے مراسلہ بھجوا دیا۔ اسلام آباد میں زیادہ شرح والے سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، گزشتہ روز ایک ہزار 497 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ڈی ایچ او کے مطابق کورونا کی مثبت شرح 17 اعشاریہ 52 فیصد رہی، جس کے باعث اسلام آباد کے 13 علاقوں کی 30 گلیوں میں نقل و حرکت پر پابندی لگانے کی تجویز دے دی گئی ہے،  مراسلہ ڈی سی اسلام آباد کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب بڑے شہروں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور میں اومیکرون ویرینٹ کے مریض رپورٹ ہورہے ہیں۔ اسلام آباد میں گزشتہ روز ریکارڈ ایک ہزار 497  کیسز رپورٹ ہوئے۔ کراچی میں روزانہ 3 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہورہے ہیں۔