Monday, July 8, 2024

کورونا کی زیادہ شرح والے شہروں میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنیکا فیصلہ

کورونا کی زیادہ شرح والے شہروں میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنیکا فیصلہ
January 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی اوسی) نے کورونا کی زیادہ شرح والے شہروں میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

این سی او سی کے مطابق ‏محکمہ تعلیمی حکام محکمہ صحت کے ضلعی حکام سے ملکر اسکولوں کی بندش کا تعین کریں گے۔ ‏12 سال سے زائد عمر کے طلبا کو کورونا ویکسین لگانے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ اومی کرون سے متاثرہ شہروں کے تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹ کیے جائیں۔

این سی او سی کے مطابق ڈیٹا سے ویکسینیشن لیولز اور انفیکشن ریٹ کا تعلق سامنے آیا ہے۔

دوسری جانب ڈی ایچ او اسلام آباد کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے مزید 12 تعلیمی اداروں میں 50 کورونا کیس رپورٹ ہوئے۔ او پی ایف گرلز کالج ایف ایٹ ٹو میں کورونا کے 18 جبکہ اسلام اباد ماڈل کالج فار گرلز آئی ٹن فور میں کورونا کے 9 کیس سامنے آئے۔

ڈی ایچ او نے کورونا مثبت کیسز والے تعلیمی اداروں کو فوری بند کرنے کے لیے انتظامیہ کو مراسلہ ارسال کردیا۔ کہا کہ متعلقہ تعلیمی اداروں کو آئندہ احکامات تک بند رکھا جائے۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران اسلام آباد کے 35 تعلیمی اداروں میں کورونا کے ایک سو سے زائد کیس رپورٹ ہو چکے۔