Monday, July 8, 2024

فرخ حبیب نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی ملاقات کرپشن کے ٹولے کی ملاقات قرار دیدیا

فرخ حبیب نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی ملاقات کرپشن کے ٹولے کی ملاقات قرار دیدیا
February 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی ملاقات کو لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کے ٹولے کی ملاقات قرار دے دیا۔

فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے والے آج ملاقاتیں کررہے ہیں، لوٹ کھسوٹ ٹولے کا مستقبل جیلوں میں ہے، ایوانوں میں نہیں۔ مریم صفدر نے آر پار کی بات کی، آج خوار ہورہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پچھلے ساڑھے تین سال میں اُنہوں نے این آر او کے لیے ہر طرح کی کوشش کرکے دیکھ لی۔ ان کی کوشش ہے کسی طرح این آر او مل جائے، عمران خان کے ہوتے ان کو این آر او نہیں مل سکتا۔

وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ ان کو کیسز اور احتساب کا خوف ہے، اسی وجہ سے ایک دوسرے کی یاد ہر چھ مہینے کے بعد ستانا شروع ہوجاتی ہے۔ عدم اعتماد آئے گی نہ استعفے، جتنے مرضی تیتربٹیر کھالیں، قلابازیاں لگا لیں، ان کے راستے میں عمران خان کھڑا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ جو لوگ کبھی بیرون ملک نہیں گئے انہوں نے شہبازشریف، حمزہ شہباز کے اکاؤنٹ میں پیسے ڈالے ہوئے ہیں۔ ان کا ہمیشہ یہی طریقہ رہا ہے اقتدار میں آکر مال بناؤ جب احتساب کی کوشش کی جائے تو انتقامی کارروائی کا رونا روتے ہیں۔ کل تک لڑنے جھگڑنے والوں کا کھانوں پر اکٹھا ہونا نئی بات نہیں۔

فرخ حبیب بولے کہ وزیراعظم کی عوام سے احتساب کے حوالے سے جو کٹمنٹ ہے اس پر عمران خان آج بھی قائم ہیں، وزیراعظم عمران خان نے قوم سے جو وعدے کیے وہ پورے کررہے ہیں، یہ لوگ اپنا لوٹا ہوا پیسہ بچانے کی کوشش کررہے ہیں، ان پر گرفت مزید مضبوط ہوگی۔