Monday, July 8, 2024

ڈرامہ سیریل ”پری زاد “ کے پرئمیر شو کا نجی سینما گھر میں انعقاد

ڈرامہ سیریل ”پری زاد “ کے پرئمیر شو کا نجی سینما گھر میں انعقاد
January 30, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (عمران راج ) ڈرامہ انڈسٹری کا مقبول ڈرامہ سیریل ”پری زاد “ کا پرئمیر شو نجی سینما گھر میں منعقد ہوا جس میں شوبز ستاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

نائنٹی ٹو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اداکار احمد علی اکبر، نعمان اعجاز، اداکارہ ریشم ،صوفیہ مرزا، نتاشا حسین، گلوکار اسرار، اور صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو، مشیر وزیراعلی پنجاب حسان خاور نے کہا کہ میں خود اس ڈرامے کو شوق سے دیکھتا ہوں۔ اس میں اصلاحی پیغام کے ساتھ معاشرے کی اصلاح دیکھنے کو ملتی ہے۔

وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو کا کہنا تھا ملک میں ثقافت کے فروغ کے لئے ہر ممکن اور بہترین اقدام کرتے رہے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ ڈرامے کی اتنی مقبولیت حاصل ہے کہ لوگ اس کو سینما گھروں میں دیکھنے کے لئے پہنچے ہیں۔ اداکار احمد علی اکبر اور ریشم کا کہنا تھا ہر انسان میں کہی نہ کہی ایک ” پری زاد“ ضرور موجود ہوتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈرامہ سیریل” پری زاد” کی آخری قسط سینما گھروں میں پیش کر دی گئی۔ اس موقع پر لاہور میں ہونے والے شو میں کاسٹ سمیت شوبز سیاسی اور سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔’پری زاد‘ کی آخری قسط کو 22 جنوری کو سینماوں میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اسے ایک ہفتے کی تاخیر کے بعد بڑے پردے پر پیش کیا گیا۔

غریب اور سانولی رنگت کے سادہ مزاج سچے انسان کے گرد گھومتی کہانی پر مبنی ڈرامے ’پری زاد‘ کا آغاز 2021 کے وسط کے بعد ہوا تھا۔ ڈرامے میں احمد علی اکبر نے ’پری زاد‘ کا کردار ادا کیا جو کہ سادہ مزاج، سانولی رنگت کے سچے انسان ہوتے ہیں، جن سے اگرچہ متعدد خواتین تعلقات استوار کرتی ہیں مگر وہ ان سے شادی نہیں کرتیں۔ ڈرامے میں ’پری زاد‘ کو احساس ہو جاتا ہے کہ جب مرد کے پاس دولت آجاتی ہے تو اسے محبت سمیت ہر چیز مل جاتی ہے۔’پری زاد‘ میں اس وقت دلچسپ موڑ آجاتا ہے جب کہ احمد علی اکبر کو ان کے مالک ’سیٹھ‘ بہت بڑی دولت سے نواز دیتے ہیں۔

اس سیریل نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ ’پری زاد‘ کو سینماوں میں پیش کیے جانے کے حوالے سے ڈرامے کی ٹیم نے لاہور کے یونیورسل سینما میں ریڈ کارپٹ بھی سجایا جہاں ڈرامے کی ٹیم سمیت دیگر شوبز شخصیات نے جلوے بکھیرے۔

اس موقع پر نمایاں شخصیات میں مومنہ درید، امین اقبال، سیفی حسن، اسرار، صبور علی، صوفیہ مرزا، نعمان اعجاز، مہروز امین، زاویار نعمان، اشنا شاہ اور احمد علی اکبر شامل ہیں۔ فنکاروں کا کہنا تھا کہ احمد علی اکبر نے "پری زاد” کے کردار میں ناقابل فراموش پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔