Friday, July 5, 2024

دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم کو بچھڑے دس سال گزر گئے

دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم کو بچھڑے دس سال گزر گئے
January 14, 2022 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم کو بچھڑے دس سال گزر گئے۔ ارفع کریم ایسا ستارہ جس کے ٹوٹنے سے بھی روشنی ماند نہ ہوئی۔

ارفع کریم آئی ٹی کی دنیا کے افق پر چمکنے والا ستارہ جس نے ٹوٹ کر بھی اپنی روشنی کو ماند نہ ہونے دیا۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی ارفع کریم نے 2004 میں صرف 9 برس کی عمر میں مائیکرو سرٹیفائیڈ پروفیشنل کا امتحان پاس کیا۔ صرف دس سال کی عمر میں دبئی کے فلائنگ کلب میں طیارہ اڑا کر سب کے ہوش اڑا دئیے۔ انہی صلاحیتوں پر اسے صدارتی، سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ ، مادر ملت جناح طلائی تمغے سے نوازا گیا۔ انہوں نے امریکا اور دبئی میں بھی اپنی صلاحیتیں منوائیں۔

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے انکو پاکستان کا چہرہ قرار دیا لیکن ستم ظریفی یہ کہ اسکے آبائی گاؤں 2 چک رام دیوالی کو"ارفع کریم آباد" کے نام سے منسوب کرنے کے باوجود ماڈل ویلیج بنایا گیا نہ ہی ارفع کے آئی ٹی یونیورسٹی کے خواب کو تعبیر مل سکی تاہم نوجوان نسل ارفع سے متاثر ہو کر ملک کے لئیے کچھ کر دیکھانے کا عزم رکھتی ہے۔

ارفع کریم ایک باذوق شاعرہ، نعت خوان، و بحث و مباحثہ جیسے اہم شعبوں میں بھی کسی سے کم نہ تھی۔ اس کم عمر گوہر نایاب سے اگر زندگی وفا کرتی تو نامعلوم اور کتنے ہی کارنامے سرانجام دیتی۔ ارفع 14 جنوری 2012 کو خالق حقیقی سے جا ملیں لیکن وہ ذہنوں میں آج بھی زندہ ہیں۔