Monday, July 8, 2024

برطانوی برینٹ خام تیل فی بیرل دو اعشاریہ سولہ ڈالر مہنگا ہو گیا

برطانوی برینٹ خام تیل فی بیرل دو اعشاریہ سولہ ڈالر مہنگا ہو گیا
February 5, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہو گیا۔ برطانوی برینٹ خام تیل فی بیرل دو اعشاریہ سولہ ڈالر مہنگا ہو گیا۔

یوکرائن بحران کے پیش نظر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 7 سال کی بلند سطح پر پہنچ گئیں۔ برینٹ خام تیل کی قیمت میں 2.16 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت بڑھ کر 93.27 ڈالر پر پہنچ گئی۔ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 2.4 ڈالر بڑھی جس کے بعد ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی فی بیرل قیمت 92.31 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ فی اونس سونا 3 ڈالر، 90 سینٹ اضافہ سے 1808 ڈالر کا ہو گیا۔ چاندی کی قیمت میں اعشاریہ صفر نو سینٹ کا اضافہ ہوا جس کے بعد فی اونس چاندی 22.47 ڈالر کی ہو گئی۔

دوسری طرف امریکا میں روزگار کی نمو میں توقع سے زیادہ اضافے سے اسٹاک مارکیٹوں پر مثبت اثر پڑا۔ ڈاؤ جونز انڈسٹریل انڈیکس میں 134 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔ ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 46.54 پوائنٹ بڑھ گیا جبکہ نیسڈیک کمپوزٹ انڈیکس 294.55 پوائنٹ اضافہ سے 14173.37 پوائنٹ پر بند ہوا۔

سوشل میڈیا کمپنی سنیپ چیٹ کے شیئرز کی قیمت میں 58 فیصد جبکہ ایمازون کے شیئرز کی قیمت میں 13.5 فیصد اضافہ ہوا۔

 دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں ملائیشین پام آئل کی قیمت میں کمی ہوئی۔ فی ٹن قیمت میں چوبیس اعشاریہ 40 ڈالر کمی ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں کمی کے بعد پام آئل فی ٹن تیرہ سو چھیاسٹھ اعشاریہ 91 ڈالر کا ہو گیا۔