Monday, July 8, 2024

22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی کی شرح 19.53 فیصد ہوگئی

22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی کی شرح 19.53 فیصد ہوگئی
February 4, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں مہنگائی کی شرح 19.53 فیصد ہوگئی، ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی میں اضافے کا رجحان جاری ہے، کم آمدن والے افراد کے لیے مہنگائی 21.46 فیصد پر پہنچ گئی۔

ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.35 فیصد اضافہ ہوگیا۔ ٹماٹر اوسط 70 روپے 94 پیسے فی کلو مہنگا ہوکر149 روپے 65 پیسے ہوگیا۔ زندہ مرغی 19 روپے 33 پیسے مہنگی ہوکر 203 روپے 39 پیسے فی کلو ہوگئی۔

آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3 روپے 32 پیسے مہنگا ہوا۔ لہسن، سرسوں کا تیل، مٹن، بیف، دودھ، دال مسور، دال چنا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 35 روپے 87 پیسے، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3 روپے 32 پیسے مہنگا ہوا۔ کیلے اور انرجی سیور کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔

ایک ہفتے کے دوران 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 23 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔